مغل دور کے ہیرے اور زمرد کی نایاب عینکیں نیلامی کے لیے پیش

لندن:بھارت کے کسی نامعلوم شاہی خزانے کے نایاب ہیرے اور زمرد کے عینکوں کی ایک جوڑی کے لیے رواں ماہ کے آخر میں لندن میں نیلام کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیلام گھر سودبیز کی انتظامیہ نے بتایاکہ یہ عینکیں مغل دور کی ہیں اور ان میں عدسے سنہ 1890 کے آس پاس نصب کیے گئے تھے۔نیلام گھر نے بتایا کہ عینکوں کی نیلامی کے لیے بولی 15 لاکھ پاؤنڈ سے 25 لاکھ پاؤنڈ (یعنی 20 لاکھ ڈالر سے 34 لاکھ ڈالر)سے شروع کی جائے گی۔فروخت سے پہلے ان کی نمائش اکتوبر میں پہلی بار ہانگ کانگ اور لندن میں کی جائے گی۔مشرق وسطی اور انڈیا کے لیے سودبیز کے چیئرمین ایڈورڈ گبز نے کہاکہ اس میں غیر معمولی تجسس اور ہزاروں داستانیں مجتمع ہیں۔ ہیرے کو تراشنے کی تکنیکی مہارت اور کاریگری کی ذہانت سے لے کر ایک سرپرست کا وژن بھی اس میں شامل ہے جنھوں نے عینک کے دو جوڑوں کو اس طرح تیار کیا کہ اس طرح کی چیز پہلے کبھی دیکھی نہ گئی ہو۔یہ واضح نہیں ہے کہ ان دیدہ زیب عینکوں کی تیاری کا حکم کس نے دیا تھا۔ لیکن یہ ممکنہ طور پر مغلوں سے تعلق رکھتے ہیں جنھوں نے 16 ویں اور 17 ویں صدیوں میں برصغیر پر حکمرانی کی اور وہ اپنی بے مثال فنکارانہ اور تعمیراتی کامیابیوں کے لیے جانے جاتے ہیں۔سودبیز کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ایک ہیرے اور ایک زمرد کو دو عینکوں کی شکل میں ڈھال دیا گیا ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ جواہرات کا معیار اور ان کا خالص پن غیر معمولی ہے اور اس سائز کے پتھر کو دیکھ کر کوئی شک نہیں کہ یہ کسی شہنشاہ کا ذخیرہ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں