کاہان میں کالعدم تنظیم کے فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے
کوئٹہ : کوہلو کے علاقے کاہان میں دہشت گردوں کی جانب سے ہتھیار ڈالنے اور قومی دھارے میں شامل ہونے کے لئے خصوصی جرگہ کا انعقادکیا گیا۔آئی ایس پی آر کے جا ری کر دہ پریس ریلیز کے مطابق کوہلو کے علاقے کاہان میں قبائلی عمائدین اور مختلف کالعدم تنظیموں سے راہیں جدا کرنے والے فراریوں پر مشتمل خصوصی جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے میں مختلف کالعدم تنظیموں کے فراریوں نے ہتھیار حکام کے حوالے کرنے اور آئندہ پر امن زندگی گزارنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں وہ کسی تخریب کاری میں حصہ نہیں لیں گے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔جرگے میں موجود فراریوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ بیرون ملک بیٹھے چند عناصر کے کہنے پر دہشتگردی کی کارروائیاں کر رہے تھے جس پر ان کو پچھتاوا ہے لہذا اب وہ حکومت بلوچستان کی سیاسی مفاہمتی پالیسی کے تحت ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوکر پرامن زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ فروری 2017میں حکومتی مفاہمتی پالیسی شروع ہونے کے بعد سے اب تک مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ہزار سے زائد فراری ہتھیار ڈال چکے ہیں جن میں موجود قبائلی عمائدین نے کہا کہ فراریوں کی جانب سے ہتھیار ڈالنا ملک و قوم کے لئے اچھا شگون ہے انہیں واپس آنے پر ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔


