پاکستان سے شکست کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، اصغر افغان

دبئی: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ بیان کردی۔ اپنے آخری میچ کے بعد ایک انٹرویو میں اصغر افغان نے پاکستان سے ہار پر انتہائی دل شکستہ انداز میں کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان پاکستان سے ہونے والی شکست کا دکھ ہے جو مجھ سمیت پوری ٹیم نے محسوس کیا، اس شکست سے ہمارے دل ٹوٹ گئے۔اصغر افغان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت مشکل فیصلہ ہے مگر اب مجھے ریٹائر ہونا ہے، میں اب نوجوانوں کو موقع دینا چاہتا ہوں اور یہ ان کے لیے بہترین موقع ہے، بہت لوگوں نے مجھ سے اس وقت ریٹائرمنٹ لینے پر سوالات کیے مگر میں اس کی وضاحت نہیں کرسکتا۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دی جس میں آصف علی نے ایک اوور میں چار چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔33 سالہ اصغر افغان نے پاکستان سے شکست کے 24گھنٹوں کے اندر ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا،اصغر افغان نے 114 ون ڈے، 75 ٹی ٹونٹی اور 6 ٹیسٹ میچ کھیلے جب کہ 115 میچز میں افغانستان کی کپتانی کی ہے، اصغر افغان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کی کپتانی میں افغانستان سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز جیتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں