غریبوں کیلئے اتنا کام کبھی کسی حکومت نے نہیں کیا جتنا ہم نے کیا ہے، وزیراعظم

اٹک:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود برداشت کر رہی ہے، کبھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا، وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات ضلع اٹک کی تحریک انصاف قیادت سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، صحت کارڈ کا پنجاب میں آغاز کر رہے ہیں، صحت کارڈ سے غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے، احساس سبسڈی پروگرام میں آٹا، دالوں، گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی، کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے بغیر سود قرضے فراہم کرے گا، ہر گھر میں جا کر احساس سروے کیا گیا تاکہ مستحق پروگرام سے باہر نہ رہ جائیں، کبھی بھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہیں کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہے، کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا کیوں کہ اسی وجہ سے معاشی خسارہ ہوا، جس کی وجہ سے معاشی صورتحال میں بہتری مشکل تھی، ہمارا انحصار درآمدات پر ہے، باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی بڑھتی ہیں، محنت کر کے ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے 1 ارب ڈالر پر لے آئے، اس کے بعد وبا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا، کامیاب پالیسیوں کی بدولت کرونا وائرس کا مقابلہ کیا اور چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب رہے اور بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پذیرائی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں