پچاس مہاجرین کا ایک گروپ باڑ توڑ کر پولینڈ کے علاقے میں داخل

وارسا:پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر مہاجرین کے بحران کی وجہ سے صورت حال بدستور خراب ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ پچاس مہاجرین کا ایک گروپ باڑ توڑ کر پولینڈ کے علاقے میں داخل بھی ہو گیا۔ یہ واقعہ سٹاژنا نامی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ بعد ازاں پولش پولیس نے بائیس عراقی مہاجرین کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے بقول گزشتہ روز پولینڈ میں غیر قانونی داخلے کی دو سو تیئیس کوششیں کی گئیں۔ پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر ہزاروں مہاجرین جمع ہیں، جو یورپی یونین میں داخل ہونے کی کوششوں میں ہیں۔ اس کے ردعمل میں دونوں ملکوں نے فوج بھی تعینات کر رکھی ہے۔ یورپی یونین کا الزام ہے کہ بیلاروس دانستہ مہاجرین کو مغربی یورپ کی جانب بھیج رہا ہے اور نتیجتا اس وقت پولینڈ، لتھوینیا اور لیٹویا کی سرحدوں پر ہزاروں مہاجرین جمع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں