گوادر یونیورسٹی تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ مقامی کھیلوں کی ترویج میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، ڈاکٹر عبدالرزاق

کوئٹہ:یونیورسٹی آف گوادر تعلیمی میدان میں خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ مقامی کھیلوں کی ترویج میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ایلیٹ اسپورٹس پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں میں اسپورٹس کے حوالے سے بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے جسکو نکھارنے کی ضرورت ہے اور اگر مقامی کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے تو وہ ملکی سطح پر علاقے کا نام روشن کر سکتے ہیں۔اس موقع پر ایلیٹ اسپورٹس پاکستان کے بزنس ڈیویلپمنٹ آفیسر اکمل خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ اسپورٹس پاکستان یونیورسٹی میں کھیلوں میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرکے ان میں کامیاب ٹیموں کو صوبائی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لئے بھیجے گا۔ یونیورسٹی کے کھلاڑیوں کے مورال کو بلند کرنے کے لئے ان کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں تشہیر کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا میں انکی کارکردگی کو اجاگر کرے گا۔ مفاہمتی یادداشت پر یونیورسٹی آف گوادر کے انچارج اسپورٹس صغیر نسیم اور ایلیٹ اسپورٹس کے اکمل خان نے دستخط کیے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف گوادر کے رحمت اللہ بلوچ اور نصیر احمد بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں