سول ایوی ایشن اتھارٹی کی پرسنل لائسنسنگ امتحان کیلئے گائیڈ لائنز جاری

کراچی:سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)نے پرسنل لائسنسنگ امتحان کیلئے گائیڈ لائنز اور ہدایات نامہ جاری کردیا ہے۔سی اے اے حکام کے مطابق گائیڈ لائن کا مقصد امیدواروں کو ضروری ہدایات اور رہنما خطوط فراہم کرنا ہے، امیدوار پرسنل لائسنسنگ امتحان کے عمل اور قواعد کو بغور پڑھیں۔ سی اے اے کیبن کرو اور دیگر تکنیکی امتحانات کیلئے اہل امیدواروں کی ضروریات اور توقعات پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔سی اے اے میں پرسنل لائسنس کے اجرا، توثیق اور تجدید کیلئے تکنیکی امتحانات روزانہ کی بنیاد پر ہوں گے۔ امیدوار سی اے اے کی ویب سائٹ پر دستیاب فارم مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرائیں۔امیدواروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ مطلوبہ لائسنس، سرٹیفکیٹ اور درجہ بندی کیلئے اہلیت کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوں۔امتحانات کمپیوٹر پر مبنی نظام پر ہوں گے، جو پرسنل لائسنسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔امیدواروں کو امتحان کی تاریخ سے ایک دن پہلے اپنے امتحانات کے شیڈول کی تصدیق لازمی کرانی ہوگی۔ رجسٹریشن کی تصدیق کے بعد، امیدوار کو مقررہ وقت پر امتحان میں حاضر ہونا ہوگا۔ایک بار تصدیق ہو جانے پر سیٹ کی دستیابی کو امتحان کے شیڈول سے کم از کم 24 گھنٹے قبل امیدوار کی درخواست پر منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ پہلے جمع کرائی گئی فیس اگلے امتحان کیلئے جمع کرلی جائے گی، بشرطیکہ یہ اگلے تین ماہ کے اندر لئے جائیں۔کسی بھی امتحان میں حاضر نہ ہونے کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا اور جمع کرائی گئی فیس اگلے امتحان میں ایڈجسٹ نہیں کی جائے گی۔خیال رہے کہ سی اے اے پائلٹس، فلائٹ انجینئرز، فلائٹ اٹینڈنٹ، ایئر کرافٹ انجینئرز، ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو لائسنس جاری کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں