افغانستان کے بعد پاکستان خطے کے ممالک میں نوجوان آبادی کاحامل دوسرا بڑا ملک ہے، عالمی بینک

اسلام آباد:جنوبی ایشیا کے ممالک میں پاکستان نوجوان آبادی کا حامل دوسرا بڑا ملک ہے، ملک کی 64 فیصد آبادی کی عمریں 30 سال سے کم ہیں، افغانستان کے بعد پاکستان خطے کے ممالک میں نوجوان آبادی کاحامل دوسرا بڑا ملک ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی تقریبا 220 ملین آبادی میں سے 64 فیصد آبادی کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2040 تک پاکستان میں سالانہ 1.7 ملین افراد جاب مارکیٹ میں داخل ہوں گے۔ اتنی بڑی افرادی قوت کی روزگار کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاکستان کو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں سالانہ 7 فیصد کی شرح نمو کی ضرورت ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ اتنی بڑی افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی اور بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے تکنیکی اور پیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کو جدید ترین تربیت فراہم کی جاسکے۔افرادی قوت کے مختلف اداروں کے اعدادوشمار کے مطابق 2020 کے بعد دنیا بھر میں ہنر مند اور تربیت یافتہ کارکنوں کی دستیابی ایک اہم مسئلہ ہوگا اور دنیا بھر 56.5 ملین ہنر مند افرادی قوت کی قلت ہوگی۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ کی اتنی بڑی طلب کے مدنظر پاکستان کو تکنیکی وپیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہئے تاکہ ہنر مند افرادی قوت کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کی شرح پر بھی قابو پایا جاسکے۔۔#/s#


