کابل نے طالبان امریکہ مذاکرات دوحہ میں دوبارہ شروع کرنے کی تصدیق کردی
کابل:طالبان کی زیر قیادت افغان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی بختار نے مجاہد کے حوالے سے بتایا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے حکام دوحہ معاہدے کے مطابق مذاکرات دوبارہ شروع کرینگے اور امریکی نمائندوں کیساتھ بات چیت جاری رکھیں گے اور یہ بات چیت مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ذبیع اللہ مجاہد نے کہا کہ مذاکرات سے وعدوں کی تجدید، تحفظات دور کرنے میں مدد ملے گی اور افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔دریں اثناء افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے بتایا کہ قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی قیادت میں کابل کا ایک اعلیٰ سطحی وفد امریکی وفد سے بات چیت کیلئے 27 سے 29 نومبر تک دوحہ میں قیام کریگا۔مقامی میڈیا کے مطابق بات چیت میں منجمد اثاثوں کی بحالی، انسانی امداد، افغانستان میں امریکی سفارتخانے کو دوبارہ کھولنے سمیت باہمی مفادات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔


