قومی محکومی کی نجات سے ہی اذیت ناک صورتحال سے چھٹکارا مل سکتا ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
گلستان: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ قومی محکومی سے نجات حاصل کیئے بغیر پشتون عوام کو مسائل ومشکلات اور درپیش اذیت ناک صورتحال سے چھٹکارا نہیں مل سکتا، پشتونخواوطن کی ملی وحدت، ملی تشخص کی بحالی، پشتون قومی خودمختار صوبے پشتونستان، افغانیہ، پشتونخوا کے قیام اور قومی واک واختیار اور اپنے قومی وسائل پر قومی کنٹرول حاصل کرنا ہی سبی کے میدانوں سے لیکر سوات تک پشتون عوام کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے اور ان قومی مقاصد کے حصول کیلئے منظم جدوجہد کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز عبدالمجید خا ن اچکزئی، علاؤالدین کولکوال، علاقائی سیکرٹری اکبر خان عبدالرحمن زئی، عبدالبصیر لالا اور نظر علی نے کلی لاجوار حبیب زئی کے عبدالبصیر لالا کی سربراہی میں 100گھرانوں کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کلی عبدالرحمن زئی میں اکبر خان عبدالرحمن زئی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ مقررین نے کہا کہ سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی48ویں برسی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ پشتون قومی تحریک کے قومی اہداف اور ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی، قوموں کی برابری اور ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر حالت میں ممکن بنانے کی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے ان مقاصد کو حاصل کرکے رہینگے۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید کے افکار،نظریات، جدوجہد اور قربانیوں نے پشتون قومی تحریک کو اپنے مقاصد سے روشناس کیا اور اُن کے واضح موقف اور نظریات نے پشتونوں کو من حیث القوم اپنے قومی مقاصد سے آگاہی دی۔ اور فرنگی استعمار کو نکالنے کے بعد خان شہید نے ملک میں اقوام و عوام کے جمہوری اقتدار کے قیام، ون مین ون ووٹ کا حق دلانے اور قومو ں کی برابری پر مشتمل رضاکارانہ فیڈریشن کے قیام اور ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کرنے کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے مسلسل قید وبندکی صعوبتیں برداشت کی۔ اور آج ان کے افکار ونظریات کی حقانیت پر مہرتصدیق ثبت ہوچکی ہے۔ ملک کے تمام اقوام وعوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی،پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی، قوموں کی برابری پر مشتمل رضاکارانہ فیڈریشن کے قیام اور اور ملکی ایجنسیوں کے مداخلت کے بغیر حقیقی جمہوری شفاف انتخابات کا انعقاد اور عوام کی حق حکمرانی کو عملاً تسلیم کرنا نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔ مقررین نے نئے شمولیت کرنیوالوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو مزید وسیع او رفعال کرنے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔


