چین کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کیلئے اسکالرشپ گہری دوستی کا ثبوت ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ چینی سفارت خانہ کی جانب سے صوبہ بلوچستان کے طلباء و طالبات کیلئے سکالرشپ فراہم کرنا نہ صرف پاک چائنا کی گہری دوستی کی علامت ہے بلکہ صوبہ کی نئی نسل کو جدید علم وتحقیق کی روشنی سے ان کے اذہان کو روشن کرنا ایک اعلیٰ مثال بھی ہے. چائنا نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ گورنر نے کہا کہ خیرسگالی کے تحت فراہم کئے گئے سکالرشپ کے حوالے سے ہم چین سفیر اور پوری چائنیز قوم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور انکی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں چینی سفارت خانہ کی جانب سے فراہم کئے گئے سکالرشپ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر نائید حق، پرو وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی جلال فیض اور سٹی لاء کالج کے پرنسپل بیرسٹر عامر لہڑی بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ عالمی وبا کوویڈنائنٹین کے دوران چائنا کا بہت قائد کردار رہا ہے۔


