الیکشن کمیشن کا صوبائی حکومتوں کی جانب سے سست روی کا سخت نوٹس


اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے وقت پر انعقاد کے لیئیفوری مناسب اقدامات اٹھائیں اور الیکشن کمیشن کو فوری قوانین، رولز، نقشہ جات، اور دیگر دستاویزات مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا سکے۔بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے اب تک الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا، الیکشن کمیشن نیملک میں کورونا وائرس کی وباء کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبوں میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کیانعقاد کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کو بارہا کہا کہ حلقہ بندیوں کیلئے نقشہ جات ودیگر ضروری دستاویزات فوری فراہم کی جائیں تاکہ پنجاب ویلج پنچائیت ونیبر ہوڈ کی حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کیا جا سکے مگر تاحال مطلوبہ دستاویزات و نقشہ جات کی فراہمی نہ ہوسکی اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی ایکٹ 2019 میں کئی قسم کی ترامیم کردی گئیں مگران کے تحت نہ تو رولز فراہم کئیگئے اور نہ ہی حلقہ بندیوں کے لئے درکار ضروری دستاویزات جیساکہ سٹی کونسلز کی حدود کا نوٹیفکیشن، تحصیل کی ترتیب سے ویلج اور نیبرہوڈ کونسلز کی تعداد کا نوٹیفکیشن، حلقہ بندیوں کے رولز وغیرہ مہیا نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے لوکل گورنمنٹ الیکشن کا بروقت انعقاد ممکن نہیں ہے، اسی طرح صوبہ سندھ کی مقامی حکومتوں کی معیاد اگست 2020 میں ختم ہونے جارہی ہے تاہم الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کو بھی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ ترمیم شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 و رولز کی نقول اور حلقہ بندیوں کیلئے درکار یونین کونسلز و تحصیلوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن و دیگر دستاویزات و نقشہ جات فراہم کئے جائیں۔ابھی تک صوبائی گورنمنٹ کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔صوبہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرانیکا معاملہ چونکہ ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے تواس بابت بلوچستان حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ بلدیاتی ایکٹ 2010 ورولزکی ترمیم شدہ کاپی فراہم کرئے۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کی طرف سے سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے وقت پر انعقاد کے لیئیفوری مناسب اقدامات اٹھائیں اور الیکشن کمیشن کو فوری قوانین، رولز، نقشہ جات، اور دیگر دستاویزات مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا سکے،اجلاس میں الیکشن کمیشن کے پانچ سالہ منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں بھی الیکشن کمیشن کے تمام شعبوں کے سربراہوں نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ پانچ سالہ منصوبے میں درج اہداف کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ آئندہ الیکشن کا انعقاد مزید منظم اور بہتر طریقے سے کیا جا سکے۔