حکومت اکیلی تمام مسائل پر کبھی بھی قابو نہیں پاسکتی، گورنر پنجاب

فیصل آباد:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت کو کرونا کی بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ حکومت اکیلی ان تمام مسائل پر قابو نہیں پا سکتی اسکے لئے بزنس کمیونٹی کو آگے بڑھ کے حکومت کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ ملک کو معاشی بحران سے بچایا جا سکے فیصل آباد تاجر اور صنعتکار برادری نے ہر مشکل دور میں کار خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور وہ موجودہ کرونا لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بھی پسیماندہ طبقوں کی دل کھول کر مدد کریں گے۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کی فیصل آباد کے تاجر اور صنعتکار مشکل کی اس گھڑی میں غریب خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں گے تاکہ پاکستان کو کرونا اور بے روز گاری کے دورے عذاب سے بچایا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار پر عائد پابندیوں کو بتدریج کم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ پہلے حصے میں برآمدی صنعتوں کوکام کرنے کی اجازت دینے کے بعد تعمیرات کے شعبے کو بھی باقاعدہ صنعت کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہااس سے 74 مختلف شعبوں میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مسئلہ قومی معیشت کومستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم کرتا ہے تاہم انہوں نے اس سلسلے میں خاص طور پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ موجودہ حالات میں بھی حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ وہ روزانہ دس دس تقریبات میں لوگوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں۔ اور یہ سلسلہ لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کی وجہ سے بزنس کمیونٹی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے لہٰذا حکومت کو مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت لوگوں کو کاروبار کرنے کی اجازت دے دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان اور عید قریب آ رہی ہے ان حالات میں بے روز گاری سے ہر طبقہ متاثر ہو گا اس لئے حکومت کو لاک ڈاؤن میں بتدریج کمی کرنے کے لئے فوری طور پر حکمت عملی طے کرنا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں