پاکستان پیپلز پارٹی گوادر دھرنے کے شرکاء کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے، چنگیز جمالی

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے گوادر دھرنے کے شرکاء کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت کا استعمال کیا تواسے صوبے کے حالات خراب ہونگے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک بلوچستان میں ہونے کے باوجود اسکے ثمرات سے بلوچستان کے عوام محروم ہیں آج اکیسویں صدی میں بھی گوادرکے عوام پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادرکے عوام نے اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے گزشتہ کئی روز سے گوادرمیں دھرنا دے رکھا ہے لیکن حکومت انکے جائز مطالبات حل کرنے کی بجائے دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت کا استعمال کرنا چاہتی ہے جو کسی بھی طرح بلوچستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گوادر میں دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت کے استعمال کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی پاکستان پیپلز پارٹی گوادر دھرنے کے شرکاء کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوادر دھرنے کے شرکاء کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں