ڈاکٹر عبدالرحیم بگٹی پرپولیس کی جانب سے زود وکوب کی مذمت کرتے ہیں، ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن
کوئٹہ:ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹرحفیظ مندوخیل نے ایم ایس ہیلپرز آئی ہسپتال ڈاکٹرعبدالرحیم بگٹی پر پولیس کے اے ایس آئی کی جانب سے حملے اور انہیں زدوکوب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس کی جانب سے سینئر ڈاکٹر اور ذمہ دار عہدے پر تعینات ڈاکٹر پر حملہ کارسرکار میں مداخلت اور ڈاکٹرز کی کردارکشی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ینگ ڈاکٹرز ڈاکٹر عبدالرحیم بگٹی کے ساتھ پولیس اے ایس آئی کی جانب سے ناروا رویہ،حملے اور انہیں زدوکوب کرنے کی شدیدمذمت کرتی ہے،ینگ ڈاکٹرز ہیلتھ پالیسی،سروس اسٹریکچر اور سہولیات کے فقدان سے متعلق سراپااحتجاج ہیں لیکن دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی جانب سے آئے روز ناروا رویہ اختیار کرنے جیسے واقعات کسی سوچے سمجھے منصوبے سے کم نہیں ہے،اگر مذکورہ اے ایس آئی کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو ینگ ڈاکٹرز سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی،ڈاکٹرز اپنے فرائض کی انجام دہی ایمانداری کے ساتھ کررہے ہیں لیکن دوسری جانب انہیں اپنے محافظوں کی جانب سے بھی تحفظ حاصل نہیں تو پھر ہم کس کے ہاتھ اپنا حق تلاش کریں۔انہوں نے ڈاکٹر رحیم بگٹی کے ساتھ پولیس کی جانب سے ہتک آمیز رویہ اور گرفتاری کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث پولیس آفیسر کے خلاف سخت ایکشن لیکر اس کو فی الفور معطل کیا جائے ڈاکٹر رحیم بگٹی ایک باعزت اور ملنسار شخصیت ہے جن کی گراں قدر خدمات غریب عوام کے لئے قابلِ فخر ہے پولیس آفیسر کی جانب سے ایک سفید باریش ڈاکٹر کے ساتھ جو برتا کیا گیا اس کی ہم ہر فورم پر بھر پور مخالفت کرینگے اور آئندہ کسی ڈاکٹر کے ساتھ ایسے ناخوشگوار عوامل کی روک تھام کے لئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرینگے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے وزیراعلی بلوچستان، وزیر صحت اور آئی جی پولیس بلوچستان سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پولیس آفیسر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور ملوث اے ایس آئی کو معطل کیا جائے۔


