ہرمحاذپر سیاسی مخالفین کے خلاف سیاسی جدوجہد کرینگے: بلاول بھٹو

لاہور:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے لاہور کے صدر اسلم گل نے بلاول ہاؤس لاہورمیں ملاقات کی۔اسلم گل نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو این اے 133 کی ضمنی انتخاب میں کارکنان اور تنظیم کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے این اے 133 میں متحرک کردار پر جیالوں اور تنظیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم وقت میں لاہور کے جیالوں نے این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں بہت اچھی انتخابی مہم چلائی، پاکستان پیپلزپارٹی لاہور شہر کی ایک زندہ حقیقت ہے، ہم ہر محاذ پر سیاسی مخالفین کے خلاف سیاسی جدوجہد کریں گے، عوام کی مدد سے پاکستان پیپلزپارٹی اگلے انتخابات میں لاہور سمیت پورے پنجاب میں زبردست نتائج دے گی۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مختلف جماعتوں سے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کو مبارک باد دینے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، پنجاب کے اس دل شہرلاہور کو ہم نے جیتنا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے ماضی میں پنجاب کے عوام کو روزگار دیا، رہائشی اسکیموں کے ذریعے گھر دئیے۔۔ انہوں نے کہاکہ جب میں پنجاب کی ہر تحصیل میں جاؤں گا تو سیاسی حریفوں کو پتہ لگ جائے گا کہ سیاست تو پاکستان پیپلزپارٹی کرتی ہے،ماضی میں جس گھر پر پی پی پی کا پرچم لہرایا، اس پرچم کو دوبارہ اس گھر پر لہرائیں گے، جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا، اس کو اپنے ساتھ ملائیں گے، آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ اتنے ہی معنی رکھتا ہے کہ جتنا 70 کی دہائی میں اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے کہ جو پنجاب کے عوام کو روزگار دے سکتی ہے۔ ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ہمارا مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کرنے کے لئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں