پشاور میں قبرستان کے قریب سے 3 لاشیں برآمد، واقعہ پولیس مقابلہ قرار

پشاور: فقیر آباد میں واقع قبرستان کے قریب سے تین لاشیں برآمد ہوئیں، جسے پولیس نے مقابلہ قرار دے دیا۔

مطابق پشاور کے علاقے فقیر آباد میں واقع قبرستان کے قریب سے برآمد ہونے والی 3 لاشوں پر پولیس حکام نے بیان دیا ہے کہ تینوں افراد پولیس مقابلے میں ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ تھانہ فقیر آباد کی حدود میں خفیہ اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن جاری تھا، کہ اس دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، تینوں دہشت گرد تخریب کاری، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، اور مقابلے کے وقت بھی فقیر آباد کے علاقہ رنگ روڈ قبرستان میں سنگین واردات کی غرض سے موجود تھے۔

حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت سلیمان کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ضلع باجوڑ سے ہے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں دیگر دو دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تینوں دہشت گرد پشاور میں قتل ہونے والے سکھ کے کیس سمیت پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، جب کہ دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے، آپریشن کے دوران جدید خود کار اسلحہ جس میں 3 کلاشنکوف، پستول اور سیکڑوں کارتوسوں کے علاوہ مختلف دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں، جنہیں قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، دہشت گردوں کے دیگر روابط کاروں کے متعلق سراغ لگایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں