حکومت میڈیا کے مراعاتی پیکج کا فی الفور اعلان کرے،مریم اور نگزیب


راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کے مراعاتی پیکج کا فی الفور اعلان کرے،کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کا ساتھ دینے والے میڈیا کو فراموش کرنا افسوسناک ہے،پریس کلبز اور میڈیا ہاؤسز کے وائرس سے بچاو کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے راولپنڈی پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں میں حفاظتی کٹس کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی۔ اسموقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ حکومت میڈیا کے مراعاتی پیکج کا فی الفور اعلان کرے۔ انہوں نے کہاکہ غریب عوام کی طرح صحافی بھی حکومتی پیکج کا انتظار کررہے ہیں،کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کا ساتھ دینے والے میڈیا کو فراموش کرنا افسوسناک ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ صحافیوں کے لئے اب تک کچھ نہیں ہوا،حکومت کی طرف سے کچھ نہ ہونے کی وجہ سے میڈیا کو حفاظتی کٹس کا خود بندوبست کرنا پڑ رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ پریس کلبز اور میڈیا ہاوسز کے وائرس سے بچاو کے لئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ صحافیوں کو بلا تاخیر حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں،میڈیا قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہسپتالوں کے ساتھ مل کر خدمات انجام دے رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ میڈیا ورکرز کی حفاظت اور ان کو کورونا سے بچاو کے لئے خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا صنعت کے لئے بلاسود قرض کا پیکج دیاجائے تاکہ ورکرز کو تنخواہیں ادا ہوسکیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ میر شکیل الرحمن کو رہا کیاجائے تاکہ میڈیا صنعت اور ورکرز کی بے چینی ختم ہو۔ انہوں ے کہاکہ میڈیا کے اداروں کو کمزور کر کے میڈیا ورکرز کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے واجبات فی الفور ادا کئے جائیں تاکہ میڈیا صنعت بحران سے نکلے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ میڈیا کے ہزاروں، لاکھوں خاندانوں کے روٹی روزگار کی ذمہ داری سے حکومت جان نہ چھڑائے۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کے لئے حفاظتی کٹس کی فراہمی پر پریس کلب اور عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ میڈیا کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے بغیر جمہوریت چل سکتی ہے نہ ہی مکمل ہوسکتی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کے بغیر دیگر ستون بھی کمزور ہوتے ہیں۔