وزارت اطلاعات کا کروڑوں روپے موسیقاروں،فنکاروں اور فلم میکرز کو دینے کا اعلان

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایوارڈز کے ذریعے فلم، ڈرامہ اور موسیقی کو فروغ دیا جائے گا،فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے شعبے عدم توجہی کا شکار رہے،ہم 25 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ان ایوارڈز کے ذریعے موسیقاروں، فن کاروں اور فلم میکرز کو دیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے نیشنل ایوارڈز کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 60ء کی دہائی میں ہم دنیا کے تیسرے بڑے فلم میکر تھے جبکہ سینما گھروں کی تعداد کے اعتبار سے پاکستان کا دنیا میں تیسرا یا چوتھا نمبر تھا، ماضی میں پاکستان کا بیانیہ پیش کرنے کے ذرائع کو کمزور کیا گیا،فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے شعبے عدم توجہی کا شکار رہے، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ نیشنل ایوارڈز کے ذریعے فلم، ڈرامہ اور موسیقی کو فروغ دیا جائے گا، آئندہ سال 22 ایوارڈز پاکستان کے معروف موسیقاروں، آرٹسٹوں اور فلموں کے لئے دیئے جائیں گے، تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ان ایوارڈز کے ذریعے موسیقاروں، فن کاروں اور فلم میکرز کو دی جائے گی، نئی فلم پالیسی مکمل کرلی گئی ہے، فلم کی صنعت میں مراعات دی ہیں، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ مقامی مواد کی حوصلہ افزائی کے لئے غیر ملکی مواد پر ٹیکسز عائد کئے گئے ہیں، اکثر ٹیلی ویڑن چینل غیر ملکی ڈرامے درآمد کرتے ہیں، ان سے مقامی سطح پر تیار ہونے والے ڈرامے بری طرح متاثر ہوتے ہیں، اشتہارات میں غیر ملکی اداکاروں کو ٹیلی کاسٹ کرنے سے ہمارے اپنے اداکاروں کا روزگار متاثر ہوتا ہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ بڑی کمپنیاں مقامی اداکاروں اور ماڈلز کو نظر انداز کر کے بیرون ملک سے ماڈلز اور ایکٹرز کو لے آتی ہیں، ایسے اشتہارات پر بھی ٹیکس لگائے جا رہے تاکہ اس طرح کے اقدامات کی حوصلہ شکنی ہو سکے، پاکستان میں خوبصورت مقامات موجود ہیں جہاں فلم سازی کے لئے این او سی کے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، پی ٹی وی کے اندر فلمز ڈویڑن بنایا جا رہا ہے، دو بڑی فلمیں آخری مراحل میں ہیں، ظہیر الدین بابر پر ازبکستان کے ساتھ جبکہ علامہ محمد اقبال پر ایران کے ساتھ مل کر فلمیں تیار کر رہے ہیں، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ یہ دونوں فلمیں ملٹی ملین ڈالرز کی ہوں گی، ان کی پروڈکشن اور کاسٹ انٹرنیشنل معیار کی ہوگی،ٹیپو سلطان پر فلم پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ مل کر فلم بنائی جا رہی ہے، پی ٹی وی فلمز پر نوجوان فلم میکرز کو مواقع فراہم کئے جائیں گے، نوجوانوں فلم میکرز آئیں، ہمارے ساتھ مل کر فلم پروڈیوس کریں، ہم انہیں مارکیٹنگ کی سہولیات سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے،فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،سینما گھروں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے، سینما گھروں کو بجلی کے نرخوں میں رعایت سمیت ٹیکسوں میں بھی کمی کی ہے، ایک سینما سکرین سے 23 خاندانوں کو روزگار ملتا ہے، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ این سی او سی کے ساتھ مل کر سینما گھروں کو کھولنے کے لئے اقدامات اٹھائے، نان انڈین پنجابی فلموں کی اجازت دی،تفریحی چینلز کو پہلی مرتبہ حکومت کی اشتہارات کی پالیسی میں شامل کیا گیا ہے، ہم تفریحی چینلز کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی اسٹوری پیش کرنے کے لئے اپنے میڈیمز کو مضبوط بنائیں،قبل ازیں وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹیلی ویڑن اور آرٹس کونسل آف پاکستان کے درمیان نیشنل ایوارڈز کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، آرٹس کونسل کراچی کے صدر احمد شاہ، پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں