افغانستان، چین کی طرف سے عطیہ کردہ سامان کی نئی کھیپ موصول
کابل:افغان ہلال احمر سوسائٹی (اے آر سی ایس)کو ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ (آر سی ایس سی) کی طرف سے عطیہ کردہ امداد کی ایک کھیپ موصول ہوئی ہے۔افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اے آر سی ایس کمپلیکس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افغانستان میں تعینات چین کے سفیر وانگ یو اور اے آر سی ایس کے سیکرٹری جنرل مولوی مطیع الحق خالص نے شرکت کی۔وانگ نے تقریب میں کہا کہ افغانستان کے دوست ہمسایہ اور مخلص دوست کے طور پر چین افغان عوام کو اس وقت درپیش مشکلات کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔وانگ نے مزید کہا کہ افغانستان کو موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے چین نے متعدد اقدامات کیے ہیں اور افغانستان کو ہنگامی امداد کی کھیپیں فراہم کی ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ نومبر سے اب تک 1500 ٹن افغان چلغوزے چین پہنچ چکے ہیں، جس سے افغان عوام کے لیے 1کروڑ60لاکھ امریکی ڈالرز سے زیادہ کی آمدنی ہوئی ہے۔ چین افغان زرعی مصنوعات کی درآمد جاری رکھے گا۔تقریب کے دوران خالص نے آر سی ایس سی کھیپ سمیت انسانی امداد کے لیے چین کا شکریہ ادا کیا۔خالص نے کہا کہ تازہ ترین چینی عطیہ اس نازک صورتحال میں افغانستان کے لوگوں کے لیے بہت اہم ہے۔طبی سازوسامان کے علاوہ آر سی ایس سی کے سامان میں اسکول کے بچوں کے لیے ادویات اور اسکول کے بیگز بھی شامل ہیں۔


