کورونا سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے وزیراعظم چھٹی پر جائیں، مولابخش چانڈیو

اسلا م آباد:مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سازشوں اور بھکاریوں کا گڑھ بن گیا ہے، کورونا سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ وزیراعظم عمران خان چھٹی پر جائیں۔ ایک بیان میں مولابخش چانڈیو نے کہاکہ وزیراعظم ہاؤس میں اس وقت سازش اور بھیک مانگنے کی منصوبہ بندی کے سوا کچھ نہیں ہو رہا، خان صاحب کے دیرینہ ساتھ کرکٹر جاوید میاں داد نے درست کہا ہے کہ انہیں مانگنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ عمران خان کورونا کی وبا کے خاتمے کی حکمت عملی کے بجائے صوبوں کو ناکام کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں،پیپلز پارٹی کے بغض میں عمران خان لاک ڈاؤن کو ناکام بنا کر بائیس کروڑ عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، وزیراعظم کے جائز اور ناجائز ترجمان ہر وقت لاک ڈاؤن کے خلاف بول رہے ہوتے ہیں۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ ترجمانوں کے بیانوں سے تسلی نہیں ہوتی تو خان صاحب خود لاک ڈاؤن کے خلاف بولنے ٹی وی پر آجاتے ہیں، وزیراعظم قیادت کرنے کے بجائے آزاد معاشرے کے نام پر پیٹھ دکھا کر بھاگ رہے ہیں۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ گورنر سندھ اور وفاقی وزرا لاک ڈاؤن توڑنے کیلئے لوگوں کو اکساتے پھر رہے ہیں، سندھ میں قیامت خیز گرمی اور لاک ڈاؤن میں لوڈشیڈنگ بھی وفاقی حکومت کی سازش ہے، ڈبلیو ایچ او نیپاکستان کے حالات سنگین قرار دے کر مکمل لاک ڈاؤن کی تلقین کی ہے، انسانی حقوق کمیشن نے بھی وفاقی حکومت کے رویے کو غیرسنجیدہ قرار دیا ہے، یہ کوئی عام بحران نہیں لوگوں کی زندگی کا معاملہ ہے اس میں بھی عمران خان نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خان صاحب اب قوم کر رحم کریں، چھٹی پر جائیں تاکہ قوم یکسو ہو کر وبا کا مقابلہ کرے، تحریک انصاف کے سمجھدار لوگ عمران خان کو چھٹی پر بھیجیں۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ اگر عمران خان اسی طرح قوم کو الجھن اور ابہام کا شکار کرتے رہے تو اللہ نہ کرے بڑی تباہی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں