کورونا وبائی صورتحال بارے حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس فوری بلائے، نیر حسین بخاری

اسلام آباد؛پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ کورونا وبائی صورتحال بارے حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس فوری بلائے،ورچوئل اجلاس بلانے کیلئے حکومت کو آئین میں تبدیلی کرنا پڑے گی اور اس آئینی تبدیلی کے لئے بھی پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا ہوگا۔جمعہ کو سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے کٹاریاں راولپنڈی میں سستی روٹی تندور کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نااہل اور عقل سے عاری ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے سب سے پہلے لاک ڈاؤن کیا جسکے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں سندھ حکومت کو دیکھ کر دیگر صوبوں نے بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کیا۔حکومت کو کرونا وائرس کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وبائی صورتحال بارے حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس فوری بلائے۔انہوں نے کہاکہ ورچوئل اجلاس بلانے کیلئے حکومت کو آئین میں تبدیلی کرنا پڑے گی اور اس آئینی تبدیلی کے لئے بھی پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا ہوگا،سستی روٹی تندور پر آٹا کی فراہمی پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت کی ذمہ داری ہے۔تندور پر 5 روپے کی روٹی فروخت کرنے سے حاصل ہونے والی آمدنی پر نان بائی کا حق ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سستی روٹی تندور کوئی کاروبار نہیں بلکہ عوام کو سہولت دی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ملک بھر میں سستی روٹی تندور کھولے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں