روسی پارلیمنٹ میں یوکرینی علیحدگی پسندوں کی حمایت میں فوج کے استعمال کی منظوری

ماسکو:روس کی پارلیمنٹ نے صدر ولادی میرپوتین کی بیرون ملک فوجی طاقت کے استعمال کی درخواست کی منظوری دے دی ۔اس کے ذریعے یوکرین کے علیحدگی پسند مشرقی علاقوں میں روسی فوجیوں کی تعیناتی کو باضابطہ بنا دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روس کے نائب وزیردفاع نکولے پانکوف نے پارلیمان کے ایوان بالا کے ایک اجلاس میں کہا:مذاکرات تعطل کا شکار ہوچکے ہیں۔یوکرین کی قیادت نے تشدد اور خونریزی کا راستہ اختیارکرلیا ہے۔ فوجیوں کی تعداد، ان کے آپریشن کے علاقے، کام اورروس سے باہر رہنے کے ادوار کا تعین صدرپوتین کریں گے۔پارلیمنٹ نے فوج کی تعیناتی کی یہ منظوری روس کی جانب سے ان علاقوں کی آزادی کو تسلیم کیے جانے کے ایک روز بعد دی ۔اس اقدام سے ان بین الاقوامی خدشات کو مزید تقویت ملی ہے کہ روس کسی بھی لمحے یوکرین پرحملہ کردے گا۔اب امریکااور یورپی یونین پر زوردیا جارہا ہے کہ وہ ماسکو کے خلاف پابندیوں پرعمل درآمد شروع کریں۔یورپی رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ روسی فوجی مشرقی یوکرین کی جانب رواں دواں ہیں جبکہ امریکا نے ماسکو کے اقدامات کو حملہ قراردیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں