آرمی چیف سے آرچ بشپ کینٹر بری کی ملاقات، مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال
راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پیر کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف سے چرچ آف انگلینڈ کے بشپ کینٹر بری نے ملاقات کی، ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی موجود تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور مذہبی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف نے مسیحی برادری کی پاکستان کے قیام میں کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسیحی برادری کے تعلیم، صحت اور پبلک ویلفیئر شعبوں میں منظم کردار کی تعریف کی مسیحی برادری کی اور مسلح افواج میں رہ کر ان کی کوششوں کو بھی سراہا،آرمی چیف سے ملاقات میں بشپ کینٹر بری نے دہشت گردی اور اقلیتوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔


