98 فیصد پاکستانیوں کو یوکرین سے بحفاظت نکال لیا گیا، پاکستانی سفیر
کیف:یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نویل کھوکھر نے کہا ہے کہ 98 فیصد پاکستانیوں کو یوکرین سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام کے ذریعے یوکرین میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ یوکرین میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ اب تک پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے 1463 پاکستانیوں کو بحفاظت یوکرین سے نکال لیا گیا ہے۔ جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق اب صرف 30 کے لگ بھگ پاکستانی جنگ زدہ علاقوں میں محصور ہیں۔ پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ محصور پاکستانیوں کے لئے یوکرین اور پاکستانی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ ان کے انخلا کے عمل کو محفوظ بنایا جائے۔ روس کے حملے کے بعد پاکستان نے اپنا سفارت خانہ دارالحکومت کیف سے ترنوپل میں منتقل کردیا تھا، جہاں سے پاکستانیوں کے انخلا کی تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔ پاکستانیوں کے بحفاظت انخلا کے لیے یوکرین میں پاکستانی سفیر نویل اسرائیل کھوکھر سمیت دیگر عملہ شباہ روز محنت کررہا ہے۔


