ہر طبقے کا شہری مہنگائی سے پریشان ہے،شیری رحمان

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری کا کہنا ہے کہ آج ہر ایک طبقے کا شہری مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیری رحمان نے موجودہ حکومت کے متعلق بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر جگہ ہر شہر میں عوام اس نااہل حکومت سے چھٹکارے کے مطالبے کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پارٹی سے 3 سال کے دور حکومت میں مہنگائی کنٹرول نہیں ہوسکی ہے جبکہ ہر طبقہ مہنگائی سے پریشان ہے۔انہوں نے بتایا کہ ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایک ہفتے میں 19اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

شیری رحمان نے بتایا کہ ایک سروے کے مطابق 80% پاکستانی سمجھتے ہیں یہ حکومت ملک کو غلط ڈائریکشن میں لے کر جا رہی ہے۔اس اعداد و شمار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شرح عوام کا حکومت پر عدم اعتماد نہیں تو کیا ہے ؟ حکمرانوں کی بہتری مستعفی ہونے میں ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں