وزیر اعظم کے پاس 3،4 دن ہیں جو کرنا ہے کرلیں، وزیر اعلی سندھ
کراچی:وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس 3،4 دن ہیں جو کرنا ہے کرلیں۔فیصل واوڈاکی تاحیات نااہلی سے خالی ہونے والی سینٹ کی نشست پر الیکشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نثار کھوڑو کو مبارکباد دیتا ہوں، نثار کھوڑو بہت ہی منجھے ہوئے پارلیمنٹرین ہیں، وہ سینیٹ میں جا کر نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے لانگ مارچ کا اسلام آباد میں اختتام ہوا، بلاول بھٹو جہاں سے گزرے ہیں، وہاں سے لوگوں کا ہجوم انہیں ویلکم کرنے آئے، بلاول بھٹو نے کہا تھا یہ نا اہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کل عدم اعتماد جمع ہوئی ہے، سارے ارکان اس عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب کریں گے، ساڑھے تین سال تک کالا دور چلا ہے، لوگوں سے نوکریاں اور چھتیں چھن لی ہیں، ان سے اپنا پاکستان ہمیں اب واپس ملے گا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تمہیں کھلی اجازت ہے جو کرنا ہے کرلو، بعد میں آپ کو موقع نہیں ملے گا، پی ٹی آئی کے آج چار ارکان نے ووٹ دیا ہے، یہ چار ارکان عمران خان سے ناراضی پر ووٹ دئیے، عمران خان کی بری عادت ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے آصف علی زرداری ، خورشید شاہ ،فریال تالپور کو جیل میں ڈالا، آپ نے جو کرنا تھا وہ کردیا، پاکستان کے عوام کے اچھے وقت آنے کی امید میں ہیں۔


