ملک میں مزید751 کیسز سے کورونا متاثرین 16ہزار سے زائد، اموات 361 ہوگئیں


پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جہاں کوششیں جاری ہیں وہی اس کے نئے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں اور اب تک ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد16 ہزار 272 ہوگئی ہے جبکہ 361 افراد انتقال کرچکے ہیں۔اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔تاہم اس وائرس کے کیسز میں روزانہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔اگرچہ پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری کو بیرون ملک سے آنے والے شخص میں رپورٹ ہوا تھا تاہم اس کے بعد سے مقامی طور پر منتقلی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ملک میں کورونا وائرس کے اس 2 ماہ سے زائد عرصے میں ابتدائی ایک ماہ میں صرف ایک ہزار کیسز اور 8 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔مزید یہ کہ دوسرے مہینے کے مکمل ہونے تک کیسز کی اس تعداد میں 12 ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ اسی عرصے میں 271 اموات بھی ہوئیں۔آج (30 اپریل) کو بھی ملک میں مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔سندھ میں مزید 358 کیسز اور 12 اموات کی تصدیق کردی گئی۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 358 نئے مریض آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 6 ہزار 53 ہوگئی۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 12 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد 112 ہوگئی۔اسی طرح ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 53 افراد صحتیاب ہوئے اور اس سے یہ تعداد 1222 تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 393 کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد تعداد مجموعی تعداد 6 ہزار 220 ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 6 اموات بھی ہوئی اور مجموعی تعداد 106 ہوگئی جبکہ 27 کی حالت تشویش ناک ہے۔صحتیاب افرادتاہم جو بات اس وائرس کے مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔ملک میں کیسز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی یومیہ درجنوں مریض اس وائرس سے جنگ بھی جیت جاتے ہیں۔اگر آج کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو 627 نئے مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے۔سرکاری سطح پر ڈیٹا فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے صحتیاب مریضوں کی تعداد 3425 سے بڑھ کر 4052 تک پہنچ چکی ہےعلاوہ ازیں اگر ملک میں اب تک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو کیسز میں تو سب سے آگے پنجاب اور سندھ ہیں جبکہ 3 صوبوں میں اموات 3 ہندسوں میں داخل ہوچکی ہیں۔اس وقت صوبہ پنجاب میں 6220جبکہ سندھ میں 6053 متاثرین ہیں۔مزید یہ کہ خیبرپختونخوا میں 2313 جبکہ بلوچستان میں 974 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 313 افراد، گلگت بلتستان میں 333 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 66 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔