فرائض میں غفلت برتنے پر بلدیہ کوئٹہ کے 80 ملازمین کو نوٹسزجاری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کاکام تیزی سے جاری، فرائض میں غفلت برتنے پر 80 ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کردیئے گئے، گزشتہ روز کاسی روڈ اور ملحقہ علاقوں سے 112ٹن کچرہ اٹھا کر ٹھکانے لگادیا گیا، صفائی مہم بدستور جاری رہے گی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کریک ڈان کا سلسلہ جاری، یکم مارچ سے پندرہ مارچ تک مختلف مدات میں ساڑھے64لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، تفصیلات ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کو پیش کردی گئیں۔ گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن شوکت علی کی زیر صدارت بلدیہ عظمی کوئٹہ کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکس برانچ، انکروچمنٹ اور سینی ٹیشن برانچ کی جانب سے کارکردگی رپورٹ جمع کرائی گئی۔ سینی ٹیشن انچارج نے اجلاس کوبتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کاکام برق رفتاری سے جاری ہے معمول کے کام کے علاوہ عوامی شکایات پر عملہ صفائی الگ سے متعلقہ علاقوں میں جا کر صفائی ستھرائی کاکام کررہا ہے انہوں نے اجلاس کوبتایا کہ گزشتہ ماہ حلقہ مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے80ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جن میں حلقہ9، 12،13، ایئر پورٹ روڈ،اسپنی روڈ، حلقہ 19،20، زرغون روڈ،جناح روڈ، سرکلر روڈ،جوائنٹ روڈ، پٹیل روڈاورشاوکشاروڈ شامل ہیں ان علاقوں میں عملہ صفائی کی غیرحاضری سے صفائی کی صورتحال خراب رہی غیرحاضرملازمین کو نوٹس دیتے ہوئے ان سے جواب طلبی کی گئی ہے اگر انہوں نے فوری وضاحت نہ دی تو ان کے خلاف مزید سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سینی ٹیشن آفیسر نے اجلاس کے شرکاکو خصوصی صفائی مہم سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ کاسی روڈ پر گزشتہ روز خصوصی مہم کے دوران گوالمنڈی چوک تا خدائیداد چوک، لنک اسٹریٹس کربلا اسٹریٹ، ترین روڈ، افغان روڈاور گردونواح کے علاقوں میں نالیوں کو صاف کرتے ہوئے پورے علاقے سے کچرہ اٹھایاگیا نکالے گئے کچرے سوزوکی ڈمپر کے ذریعے اٹھالیا گیا انہوں نے بتایا کہ اٹھائے گئے کچرہ تقریبا112ٹن وزنی تھا جسے اٹھا کر ٹھکانے لگایا گیا۔ اجلاس کے شرکاکو بتایا گیا کہ زرغون روڈ پر ہاکی چوک سے اکرم ہسپتال تک جو اسٹریٹ لائٹس پچھلے دو سال سے بند تھے ان کی مرمت کردی گئی اور انہیں فعال کردیاگیا ہے علاوہ ازیں میٹروپولیٹن کے عملے نے یکم مارچ سے15مارچ تک شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف مدات میں 6450000روپے کی ریکوری کی۔ ایڈمنسٹریٹر شوکت علی نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر انہیں رپورٹ جمع کرائی جائے انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ شہریوں کے ساتھ اچھا برتا کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی صفائی ستھرائی کے لئے شہریوں بالخصوص تاجر برادری کو عملہ صفائی کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہئے تاکہ شہرکو صاف ستھرا رکھاجاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں