امریکی سفارتخانے کی 23 مارچ پر پاکستانیوں کو مبارکباد

اسلام آباد (انتخاب نیوز) امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے 23 مارچ کے موقع پر پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ باہمی تعلقات کے قیام کو75سال مکمل ہونے پر ایک مشترکہ مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ امریکی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر نے اس موقع پر کہا ہے کہ اس سال ہم پاکستان کے قیام کی75ویں سالگرہ اور باہمی تعلقات کے قیام کا 75واں یوم تاسیس منا رہے ہیں۔امریکا کی جانب سے پاکستان کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کے بعد سے ہی ریاستہائے متحدہ امریکا اور پاکستان مضبوط شراکت سے لطف اندوز ہوئے ہیں اورہم اس پورے سال کے دوران مذکورہ شراکت کے مختلف پہلوں کو اجاگر کرنے کے خواہاں ہیں۔ بدھ کو یہاں امریکی سفارتخانہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق امریکا اور پاکستان نے ماحولیات، تعلیم، عوامی صحت، تجارت اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ سمیت متعدد مشترکہ ترجیحات پر تعاون کیا ہے۔ہمارے تعلقات دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان متحرک روابط کے ذریعہ پائیدار ہیں، جس میں ریاستہائے متحدہ امریکہ میں قیام پذیر5لاکھ سے زیادہ پاکستانی اور امریکا میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں دیگر افراد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ37ہزارسے زیادہ پاکستانی امریکی حکومت کے متعددتبادلہ پروگراموں کے المنائی ہیں، جو کہ دنیا بھر میں سب سے بڑا المنائی گروپ ہے۔75ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہم مختلف ثقافتی تقریبات اور پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ جشن اور تقریبات آئندہ آنے والے کئی سالوں تک ہماری شراکت کا سنگ بنیاد ثابت ہوں گی۔ 2022 کے دوران 75ویں یوم تاسیس منانے اور اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے براہ مہربانی ہمارے مختلف سماجی رابطہ کے ذرائع پر ہیش ٹیگ "پاک یو ایس اے ایٹ سیونٹی فائیو "کو ملاحظہ کرتے رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں