یہ وقت نہیں الیکشن جیتنے کے لیے سیاسی کھیل کھیلا جائے،چین کا ٹرمپ کوجواب

بیجنگ:چین کے نائب وزیرِ خارجہ لی یوچینگ نے چین اور امریکہ کو اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر کورونا وائرس کی وبا سے مقابلے کے لیے تعاون کا مشورہ دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے یہ بیان امریکہ چینل کو ایک انٹرویو میں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم اور مشکل موڑ پر چین اور امریکہ کو اپنے اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے اس مشترکہ دشمن یعنی وائرس کا مقابلہ کرنا چاہیے،اس وائرس کے حوالے سے بہت سے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انھوں نے اس بات کی طرف اشارہ دیا کہ بہت سے سیاستدانوں نے اس عالمی صحتِ عامہ کے بحران کو سیاسی رنگ دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ وقت نہیں ہے الزام تراشی اور سیاسی کھیل کا۔انھوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے تعلقات کو قلیل مدتی یا غیر دمہ دارانہ تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے تاکہ کوئی الیکشن جیت سکے یا کسی اور کو قصوروار بنا سکے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دونوں ممالک کو تعاون کرنا چاہیے، اور مستقبل میں دونوں ممالک کے لوگوں کی مشترکہ ترقی بہت اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں