کراچی میں فائرنگ سے 2محنت کش جاں بحق

کراچی:کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں نیپا فلائی اوور کے قریب یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔عزیز بھٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی صبح لگ بھگ ساڑھے 7 بجے کے بعد اردو یونیورسٹی فلائی اوور کے نیچے رپورٹ ہوا ہے۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں یونیورسٹی روڈ کے پل کے نیچے پڑی تھیں جنہیں بعد میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت وزیر جبکہ دوسرے کی ظفر کے نام سے ہوئی ہے۔ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ہلاک ہونے والا ایک شخص رکشہ ڈرائیور جبکہ دوسرا سبزی فروش ہے۔عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عدیل افضال کے مطابق فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کس نے اور کس وجہ سے کی؟ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں