لاہور انارکلی دھماکے میں ملوث ایک اور شخص گرفتار

لاہور(انتخاب نیوز) انارکلی بم دھماکے میں ملوث ایک اور مشتبہ شخص لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے انارکلی بازار میں ہونے وا لے بم دھماکے میں ملوث ایک اور مشتبہ شخص کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا ہے، مشتبہ شخص کو بلوچستان سے گرفتار ہونے والے اس کے ساتھی کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے، انارکلی دھماکے کے مرکزی ملزم بلوچستان سے گرفتار ہوئے تھے۔تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار مشتبہ شخص کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا ہے، مشتبہ شخص کا نام سیف الرحمان ہے جو ٹرک اڈے میں ملازمت کرتا تھا اور 20 جنوری کو دھماکے کے بعد ٹرک اڈے کے پاس روپوش ہوگیا تھا، مشتبہ شخص کا تعلق بلوچستان کی کالعدم تنظیم سے ہے اور لاہور دھماکے کے لئے دھماکا خیز مواد بھی ٹرک میں بلوچستان سے سپلائی کیا گیا۔ گرفتار مشتبہ شخص سیف الرحمان کو سی ٹی ڈی نے انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار مشتبہ شخص سے واقعے سے متعلق تفتیش درکار ہے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے کاروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کا 12 اپریل تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں