ایوان صدر میں وفاقی وزرا کی تقریب حلف برداری، قائم مقام صدر نے حلف لیا
اسلام آباد:ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، اتحادی جماعتوں کی کابینہ کا مجموعی حجم 37 ارکان پر مشتمل ہے۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے وفاقی وزرا سے حلف لیا۔
حکومتی اتحاد نے اقتدار سنبھالنے کے تقریبا ایک ہفتہ کے بعد وفاقی کابینہ کو حتمی شکل دی، کابینہ 37 ارکان پر مشتمل ہے جس میں 30 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت اور 3 مشیر شامل ہیں، کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 16، پییپلز پارٹی کے 12 ارکان، جے یو آئی ف کے چار، ایم کیو ایم کے 2 اراکین شامل ہیں۔ اسی طرح بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ ق اور جمہوری وطن پارٹی کا ایک ایک رکن بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔
فارمولے کے مطابق کابینہ میں 30 وفاقی وزیر، 3 مشیر اور چار وزیر مملکت ہیں، ان میں مسلم لیگ ن کے 12 وفاقی وزیر ،2 وزیر مملکت اور دو مشیر، پیپلزپارٹی کے 9 وفاقی وزیر، 2 وزیر مملکت اور ایک مشیر شامل ہے۔ جے یو آئی ف کے چار، ایم کیو ایم کے 2 ، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ ق اور جمہوری وطن پارٹی کا ایک ایک وفاقی وزیر کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
شہباز حکومت نے ترین گروپ کو بھی مرکز میں اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ ڈویژن نے عون چودھری کو وزیراعظم کا مشیر بنانے کی سمری تیار کر لی۔قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفاقی وزرا سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب آج صبح 11 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔
حلف اٹھانے والوں میں ن لیگ کے 14، پیپلز پارٹی کے 9، جے یو آئی کے 4، ایم کیو ایم کے 2 ارکان کے علاوہ ق لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزراء میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناء اللّٰہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، مفتاح اسماعیل، جاوید لطیف، نوید قمر، خورشید شاہ، شیری رحمٰن، شازیہ مری، عبدالقادر پٹیل، مولانا اسعد محمود، طلحہٰ محمود، فیصل سبزواری، امین الحق، محمد اسرار ترین، عابد حسین، عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، مرتضیٰ جاوید عباسی، ریاض حسین پیر زادہ شامل ہیں۔
قمر زمان کائرہ، عون چوہدری، مفتاح اسماعیل اور انجینئر امیر مقام نے مشیر، جبکہ حنا ربانی کھر، عائشہ غوث پاشا اور عبد الرحمٰن کانجو نے وزرائے مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔


