وفاقی سرکاری رہائشی منصوبوں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا، مولانا واسع

اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر اوروفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس وقت کم اور مقابلہ سخت ہے اس لئے ہمیں دن رات ایک کرکے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہوگا نئے پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے نام پر لوٹنے والوں کا ضرور حساب لیں گے اور وفاق کے زیر انتظام چلنے والی تمام سرکاری ہاؤسنگ اسکیم کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ سے رپورٹ طلب کر کے حالات کا جائزہ لے کرحقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ کے دفتر کا چارج سنبھالنے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفا قی وزیر ہا ؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا کہ اس وقت ہماری ترجیحات میں صرف عوام کو ریلیف دینا ہے اور جہاں عوام کو مشکلات درپیش ہیں وہاں کے مسائل کو حل کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس محکمہ کے زیراہتمام جتنی بھی سرکاری ہاؤسنگ اسکیم تھیں ان میں لوٹ مار اور بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے جس کا ہمیں ازالہ کرنا ہوگا اور سیکرٹری ہاؤسنگ نے اس تمام تر معاملات میں ہمیں بریف کرنا ہوگا تاکہ اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس وقت کم اور مقابلہ سخت ہے اور حالات کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے اب ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے موجودہ حکومت اب ان مسائل کو حل کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں