کوئٹہ ٹو کراچی شاہراہ کی کشادگی کا منصوبہ جلد شروع کریں گے، مولانا اسعد

خضدار، اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری اور سابق ایم این اے میر محمد عثمان بادینی نے ان کے آفس اسلام آباد میں ملاقات کی اور اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو وفاقی وزارت کا عہدہ سنھبالنے پر مبارک باد پیش کی۔ رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو بلوچستان کے عوام کو سفری سہولت کے حوالے سے درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ کوئٹہ کراچی چمن شاہراہ سنگل ہے جبکہ بلوچستان میں ایک بھی موٹروے اور ڈبل روڈ نہیں ہے ٹریفک میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ہوش ربا انداز میں حادثات رونماء ہورہے ہیں اس حوالے میر یونس عزیز زہری نے نے وفاقی وزیر سے استدعاء کی کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد بلوچستان کے عوام کو اس سلسلے میں خوشخبری سنادیں۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہاکہ یقیناََ جب میں اس عہدے پر نہیں تھا تب بھی مجھے بلوچستان کے عوام کے احساسات اور سفری سہولیات کے حوالے سے ان کے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل تھی تاہم اب مواصلات کا قلمندان میرے پاس آیا ہے تو میں دل جمعی کے ساتھ عوام کی ضرورت پر توجہ دونگا اور پہلی ہی فرصت میں میری کوشش ہوگی کہ بلوچستان میں کوئٹہ کراچی چمن شاہراہ کو ڈبل وے بنانے کے منصوبے کا آغاز کروں اس سلسلے میں خضدار کچلاک سیکشن پر روڈ منصوبے کا آغاز بہت جلد ہوگا ان کا کہنا تھا کہ یقیناً یہ بلوچستان کے عوام کا حق ہے ان کے لئے روڈز بنیں اور ان کو سہولیات میسر آئیں۔ چمن کوئٹہ خضدار کراچی روڈ ڈبل وے بنانے کا کام نہ صرف جلد شروع ہوگا بلکہ اس میں کوئی تعطل بھی نہیں لائی جائیگی اور اس پر کام کی رفتار تیز تر کیا جائیگا تاکہ وہ بلا تاخیر تکمیل کو پہنچایا جاسکے۔ اس سے قبل رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری و سابق ایم این اے میر محمد عثمان بادینی نے مولانا اسعد محمود کو اعزاز و اکرام کے ساتھ ان کی نشست پر بٹھایا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر مملکت کا عہدہ سنبھال کر باقاعدہ طور پر ذمہ داریاں نبھانے کا آغاز کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں