اصل مسئلہ اٹھارویں ترمیم نہیں حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی ہے‘ احسن اقبال
نارووال: مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی نااہلی سے کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا،چیلنج کرتا ہوں کہ میرے خلاف ایک روپے کی بد عنوانی ثابت کریں، آج دو سال بعد بھی یہ کرپشن کا کوئی کیس نہیں بنا سکے، وقت آئے گا تو سپورٹس سٹی پر اضافی لاگت کے پیسے عمران خان سے وصول کیے جائیں گے۔ نارووال سپورٹس سٹی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سپورٹس سٹی منصوبے کی تباہی کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ اٹھارویں ترمیم نہیں حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی ہے، آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ٹکٹ دینے کے لیے امیدوار نہیں ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کھیلوں کا منصوبہ ہے جس کے ساتھ ظلم ہوا ہے،مجھ پر کسی مالی بے ضابطگی کا الزام نہیں تھا، نارووال میں سپورٹس سٹی کا منصوبہ کیوں بنایا؟ اس پر سزا دی گئی،میں اس بات کا مجرم ہوں کہ ملک میں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کا انفراسٹرکچر کیوں بنایا۔ چیئرمین نیب سے سوال ہے کہ وزیراعظم اور نیب کے ہتھکنڈوں سے سفید ہاتھی بننے والے اس منصوبے پر اضافی اخراجات کون دے گا؟،اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے درکاراضافی رقم عمران خان اور نیب کے متعلقہ افراد سے وصول کی جائے گی،موجودہ حکومت نے ترقیاتی منصوبے کو کیسے ریورس گئیر لگایا، یہ منصوبہ اس کی جیتی جاگتی مثال ہے،حکومت کے انتقامی ایجنڈے نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کو تباہ وبربادکردیا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ نارووال میں سپورٹس سٹی منصوبہ نے ملک بھر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا تھا، عالمی کوچز نے ٹریننگ دینا تھی،نارووال سپورٹس سٹی وہ جگہ ہے جہاں سے ملک کے مستقبل کے اولمپین پیدا ہونا تھے،یہ وہ جگہ ہے جہاں اس سال پی ایس ایل کا میچ بھی ہونا تھا،یہ منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کی انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے پر2.5 ارب خرچ ہوچکے ہیں صرف 40 کروڑ روپے سے اس منصوبے نے مکمل ہونا تھا،دوسال سے اس پر کام بندہونے سے یہ منصوبہ قبرستان کا منظر پیش کررہا ہے،جس کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان کی قومی ٹیم کرکٹ میچ کھیل کرگئی تھی، وہ آج جنگل بن چکا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو جھوٹ بولا ہے انشااللہ پوری قوم کے سامنے اپنے جھوٹ کی سزاپائیں گے،حکومت عوام کے سامنے ایسے رسوا ہوگی کہ آنے والے انتخابات میں ان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، پی ٹی آئی کو امیدوار نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ3200 ارب روپے کے ترقیاتی عمل میں سے ایک روپے کا بھی مالی فائدہ اٹھایا ہو تو قوم کا مجرم ہوں گا،حکومت نے نوازشریف، شہبازشریف، ان کی ٹیم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی صرف کردار کشی کی ہے،ایمان ہے کہ جو بہتان، تکبر اور نفرت پر سیاست کرتا ہے وہ کبھی کامیاب حکمرانی نہیں کرسکتا،دین بھی کہتا ہے کہ بہتان، تکبر اور نفرت بدترین اوصاف ہیں، ان پر چلنے والے کی حکمرانی میں برکت نہیں پڑ سکتی،کتنے بھی بڑے ٹی وی پراپنے حق میں دعائیں کرنے کے شو کرلیں لیکن یہ خامیاں اللہ تعالی کے نزدیک ناپسندیدہ ترین ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ تین ماہ گزرنے کے باوجود حکومت کورونا پر قومی حکمت عملی پر اتفاق رائے پیدا نہیں کر سکی،ڈیرہ اسماعیل خان تک سی پیک کے مغربی روٹ کو دسمبر2018میں مکمل ہونا تھا لیکن صرف 67 فیصد مکمل ہوسکا ہے،مغربی روٹ کے اس منصوبے کے 2020 میں بھی تکمیل کے بھی کوئی آثار نہیں،ہر جگہ قومی منصوبے بالخصوص ہائیر ایجوکیشن کے منصوبے وسائل نہ ہونے سے سفید ہاتھی بن رہے ہیں،ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے ارب ہا روپے اضافی درکار ہوں گے، اس کا کون ذمہ دار ہے؟۔ا نہوں نے میڈیا کے عالمی دن پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نفرت اور انتقام کی وجہ سے میڈیا ہاؤس اور میڈیا ورکر بدخا لی کا شکار ہیں،پاکستان کے بڑے میڈیا ہاؤس کے مالک میر شکیل کو حکومت نے گرفتار کر رکھا ہے۔