گوادر خطے کی معاشی سرگرمیوں میں مددگار ثابت ہوگا، چیئر مین سینٹ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملک کی معروف کاروباری شخصیت سردار یاسر الیاس کی قیادت میں کاروباری وفد نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی-ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے معاشی اصلاحات متعارف کرانا انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے-معاشی اصلاحات کیلئے کاروباری اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔محمد صادق سنجرانی نے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل باہمی مشاورت کے ساتھ مل کر ہی نکالیں گے۔ایوان بالاءنے ملک میں کاروباری و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے موثر کردار ادا کیاہے۔اس کے علاوہ سینیٹ کی مختلف قائمہ کمیٹیاں بزنس کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا،وفد کے اراکین نے چیئرمین سینیٹ کو مسائل سے آگاہ کیا-چیئرمین سینیٹ نے برنس کمیونٹی سے کاروباری و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے درپیش مسائل پر سفارشات طلب کر لیں-گوادر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر خطے کی معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے میں مددگار ثابت ہوگا اور گوادر پورٹ کے ذریعے تجارتی نقل و حمل میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ تاجر برادری گوادر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔وفد میں کراچی سٹیل کے سی ای او عمر حسین، فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے شاکر،آئی ٹی پارک کے نمائندے اومیس خٹک، برطانوی سرمایہ کار راجہ سخاوت، خوردنی تیل کے بزنس مین عاطف اکرام، بائیوفارما سیوٹیکل کے نمائندے عثمان شوکت، سلور اوکس کے چوہدری نصیر شامل تھے۔


