اسپیکر کے قرنطین ہونے کے باعث اسمبلی کا اجلاس مزید التوا کا شکار ہونے کا امکان بڑھ گیا


ا اسلام آباد:اسپیکر اسد قیصر کے قرنطین ہونے کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس مزید التوا کا شکار ہونے کا امکان بڑھ گیاہے،اجلاس بلانے سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہو گا جس میں سیاسی جماعتوں کی سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، حکومت کے علاوہ تمام جماعتیں ویڈیو لنک کے بجائے عملی طور پر اجلاس بلانے پر اتفاق کرچکی ہیں، تاہم اسپیکر اسد قیصر کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے اور ان کے قرنطین ہوجانے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر بلانے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں، آئینی طور پر پارلیمانی سال میں قومی اسمبلی کا اجلاس 130 روز ہونا لازم ہے جبکہ موجودہ پارلیمانی سال میں صرف 72روز اجلاس ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس اب عید کے بعد بلائے جانے کا امکان ہے، اور ہوسکتا ہے کہ اب شاید بجٹ سیشن ہی بلایا جائے گا۔