فرانس میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ، پانچ افراد ہلاک
پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانسیسی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی پہاری سلسلے میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں اس پر سوار بچے سمیت تمام مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ فرانس کے جنوب مشرق میں واقع شہرگری نوبل کے نزدیک پہاڑی سلسلے پر ہوا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے نے فرانس کے ورسود ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی تاہم، ٹیک آف کے فورا بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس افسوس ناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد اور جہاز کا پائلٹ بھی پلاک ہوگیا۔ ہلاک شدگان میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اس حادثے کے بارے میں امدادی کارکنوں کو اطلاع دینے والے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے آسمان پر ایک آگ کا گولہ دیکھا اور نزدیک آنے پر پتا چلا کہ وہ ایک چھوٹا جہاز تھا جس سے آگ کے شعلے نکل رہے تھے۔ طیارے کے ملبے میں لگی آگ بجھانے کے لیے 60 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا، جس کے بعد امدادی کارکنوں نے جہاز کے ملبے سے پانچوں افراد کی سوختہ لاشوں کو نکال لیا۔ تاہم، ابھی تک محکمہ ہوا بازی نے حادثے کی نوعیت سے آگاہ نہیں کیا ہے۔ ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بلیک باکس کے تجزیے سے ہی طیارے کی تباہی کا پتا لگایا جاسکے گا۔ گرینوبل کے اعلیٰ حکام نے متعلقہ حکام کو حادثے کی نوعیت کا تعین کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔


