عالمی بینک سری لنکا کو 70 کروڑ ڈالر فراہم کریگا، سری لنکن وزیر خارجہ
کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ بینک آئندہ چند مہینوں میں سری لنکا کو تقریبا 70کروڑ امریکی ڈالر فراہم کریگا۔یہ اعلان پیر کے روز سری لنکا کے وزیرخارجہ امور جی ایل پیریس اور کولمبو میں ورلڈبینک کی کنٹری منیجر چھیو کانڈا کے مابین بات چیت کے بعد کیا گیا۔ملاقات کے دوران سری لنکن وزیر خارجہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، دیگر بین الاقوامی اداروں اور عطیہ دہندگان کی جانب سے طویل المدتی امداد موصول ہونے تک عالمی بینک سے امداد فراہم کرنے کیلئے اپیل کی۔وزیر نے کہا کہ پائیدار حل تلاش کرنے تک عالمی بینک کی جانب سے مختصر مدت کی مالی امداد کو سراہا جائے گا۔ورلڈ بینک کے کنٹری منیجر نے کہا کہ ان کا دفتر دیگر اداروں جیسے کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اس مشکل وقت میں سری لنکا کے لوگوں کی مدد کیلئے اپنے پہلے سے جاری منصوبوں پر نظر ثانی کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔سری لنکا کو غیر ملکی کرنسی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ضروری اشیا کی درآمد میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔


