چوہدری نثار کا پی ٹی آئی کے دھرنوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، رانا ثنا اللہ

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنمااور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے دھرنوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میں بھی دھرنے کے دوران امن و امان سے متعلق اجلاسوں میں شریک رہا ہوں، چوہدری نثار کا پی ٹی آئی دھرنوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اجلاسوں میں موجود ہوتے تھے اور اس دوران ان سے متعلق ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما و رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ 2014میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے لیے اس وقت کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی وژن پر حملہ اور ریڈ زون میں داخل ہونے دینے میں سہولت کاری اس وقت کے وفاقی وزیر داخلہ نے دی تھی۔نہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے جی ٹی روڈ کا انتخاب کیا گیا اور اس کی مخالفت کس نے کی؟ وہ بھی وزیرداخلہ ہی تھے، جی ٹی روڈ کی حمایت اور مخالفت کرنے والے آج کہاں کھڑے ہیں؟.۔خیال رہے کہ تحریک انصاف نے 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر 2014 میں اسلام آباد کے ڈی چوک پر 126 روز تک دھرنا دیا تھا اور اس دوران مظاہرین نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ بھی کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں