گوادر کے تمام گھرانوں کیلئے سولر پینل فراہم کریں گے، شہباز شریف
گوادر (انتخاب نیوز) شہباز شریف نے گوادر میں ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے ہر گھر میں پانی کا صاف پانی فراہم کریں گے۔ گوادر کے تمام گھرانوں کیلئے سولر پینل فراہم کریں گے تاکہ لوگ بجلی کے بل دینے سے بچ سکیں۔ لوگوں کو بجلی مفت ملے گی، سولر پارک بننے سے گرڈ اسٹیشن بجلی بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سولر پینل کی تنصیب کیلئے یہاں کے لوگوں کو قرض بھی دیا جائے گا۔ بجلی کے بلوں سے کم قرض کی اقساط دینے سے لوگوں پر مالی بوجھ کم ہوگا۔ گوادر میں صاف پانی کی فراہمی کے مسئلے کو حل کریں گے، اس حوالے سے پانی کی پرانی پائپ لانوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، 2 ہزار ماہی گیروں کو قرعہ اندازی کے تحت وفاقی حکومت مفت انجن مہیا کرے گی۔ گوادر کے مسائل حل کرکے یہاں کے لوگوں کو تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے احسن اقبال کو ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ افسران اور وزرا سے ملاقات کر کے فوری طور پر ہر منصوبے کے تکمیل کے وقت کا تعین کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایران سے گوادر میں بجلی لا سکیں تو اچھی بات ہو گی، کئی سال سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا ہے، گوادر میں 3200 گھرانوں کو سولر پینل بطور تحفہ عطیہ کرنے والی کمپنی سمیت دیگر کمپنیوں سے بات ہونی چاہیے اور ایسا کاروباری اور مالیاتی ماڈل تیار ہونا چاہیے کہ بجلی کا بل ادا کرنے کے بجائے ہم ایک گھرانے کو بینکوں کے ذریعے سے رقوم دلوائیں اور بولی کے شفاف عمل کے بعد کمپنیاں ان گھرانوں کے لیے معقول سائز کے سولر پینل فراہم کریں۔


