ڈسٹرکٹ اسپتال ڈیرہ اللہ یار کے سابق ایم ایس کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کیلئے مراسلہ

جعفرآباد (انتخاب نیوز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اللہ یار کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف شکنجہ کس لیا گیا ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے سیکریٹری صحت کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ڈی ایچ کیو کے اکاونٹ سے اڑھائی لاکھ روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن کے بعد آکسیجن فیول اور گاڑیوں کی مرمت کے لیے ایک روپیہ بھی موجود نہیں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اللہ یار کے اکاونٹ سے ایک ہفتے کے دوران اڑھائی لاکھ روپے سے زائد رقم کی مبینہ کرپشن کا بھانڈہ پھوٹنے کے بعد سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالغفور ناوڑا کے خلاف شکنجہ کس لیا گیا ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک نے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے سیکرٹری صحت بلوچستان کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ذرائع کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثمینہ روحی کے تبادلے کے بعد نئے تعینات ہونے والے ایم ایس ڈاکٹر عبدالغفور ناوڑا نے خاتون ایم ایس سے چارج لیے بغیر سیٹ پر بیٹھتے ہی اسپتال کے اکاونٹ پر ہاتھ صاف کیا اور مختلف مد میں دو لاکھ اکسٹھ ہزار 160 روپے نکال کر اکاونٹ خالی کر دیا تھا جسکے بعد محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر عبدالغفور ناوڑا کی تقرری کے آرڈر منسوخ کیے جانے کے بعد خاتون ایم ایس ڈاکٹر ثمینہ روحی نے چارج سنبھال لی تو اکاونٹ میں ایک پیسہ بھی موجود نہیں پایا جس پر خاتون ایم ایس ڈاکٹر ثمینہ روحی نے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد و چیئرمین ہیلتھ کمیٹی رزاق خان خجک کو مراسلہ لکھ کر مبینہ کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا ذرائع کے مطابق سابق ایم ایس ڈاکٹر عبدالغفور ناوڑا نے سیٹ پر بیٹھتے ہی ایمبولینس کی مرمت کے مد میں 99680 روپے مشینری کی مرمت کے لیے 43200 روپے آکسیجن کی خریداری کے نام 40700 روپے سفری اخراجات کے لیے 32400 روپے برف کی مد میں 9000 روپے اور فیول کی مد میں 36000 روپے نکال لیے تھے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمبولینس مشینری کی مرمت آکسیجن کی خریداری پر ایک پیسہ تک خرچ نہیں کیا گیا آکسیجن کے سلینڈر خالی پڑے ہیں اور ایمبولینس پر بھی ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا ڈی ایچ کیو اسپتال کے اکاونٹ پر ہاتھ صاف کیے جانے کے بعد اب خاتون ایم ایس کے پاس آکسیجن کی خریداری اور فیول کی مد میں ایک روپیہ موجود نہیں جسکے باعث ایمبولینس آف روڈ ہو چکی ہیں اور آکسیجن کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں