پاک امریکا تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اولین ترجیحات ہیں، مسعود خان
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاک امریکا تجارتی حجم میں اضافہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیحات ہیں، امریکا میں موجود تقریبادس لاکھ پاکستانی کمیونٹی ہمارا اہم اثاثہ ہے جو ایک طرف پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفیرمسعود خان سے امریکن پاکستان بزنس فورم کے وفد نے ملاقات کی جس میں چئیرمین ذیشان الطاف لوہیا کی قیادت میں معیشت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز کاروباری شخصیات وفد میں شامل تھے۔ پاکستامی سفیر نے مسعود خان نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاک امریکہ تجارتی تعلقات میں اضافے کے حوالے سے ان کے عزم اور دلچسپی کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے مابین موجود کاروباری مواقع، ملکی برآمدات خصوصا ٹیکنالوجی ، ٹیکسٹائل و دیگر روایتی وغیر روایتی شعبہ جات میں برآمدات بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کے ساتھ ساتھ درپیش دقتوں کے حل کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی کاروباری شخصیات اورمتعلقہ امریکی اداروں کو جوڑنے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ سفارت خانے اور کاروباری شخصیات کے مابین مضبوط روابط کو استوار کرنے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے حوالے سے نظام کو مزید مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جار ہی ہے۔


