کوئٹہ، پیسوں کیلئے ماں نے اپنا بچہ اغواءکرلیا، خاتون سمیت 3 افراد گرفتار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں شوہر سے پیسے نکالنے کیلئے بیوی نے دو رشتہ داروں سے ملکر اپنی دو سالہ لخت جگر کو اغوا کرلیا پولیس نے خاتون اور اسکے دورشتہ داروں کو گرفتار کرکے بچے کو بازیاب کرالیا ۔ ایس ایچ او زرغون آباد محمد ناصر نے بتایا کہ نواں کلی کی ٹیچرز کالونی کے مکین راشد نے زرغون آباد پولیس تھانے میں اپنے دو سالہ بیٹے ارشد کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی اور بتایا کہ اسے ٹیلی فون کال کرکے بچے کی رہائی کیلئے دس لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے ، پولیس نے جدید خطوط پر تحقیقات کرکے بچے کی والدہ زبیدہ اوراسکے دو رشتہ داروں سلیم اور عمران کو گرفتار کرکے دو سالہ ارشد کو بازیاب کرلیا بچے کی والدہ نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے شوہر سے دس لاکھ روپے نکالنے کیلئے اپنے بیٹے کو اغوا کرالیا تھا گرفتار ملزمہ کو وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔


