بنی گالہ کی زمین خریدنے کیلئے سابقہ اہلیہ نے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے دیئے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بنی گالہ کی زمین خریدنے کیلئے میری سابقہ اہلیہ نے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے دیئے تھے، راشد علی خان نمائندہ نہیں دوست کی حیثیت سے یہ ٹرانزیکشن کی تھی،میری سابقہ بیوی کے بھیجے گئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے راشد علی خان نے ادا کیے تھے،چونکہ میں سفر کر رہا تھا اور قسطیں دینا پڑنی تھیں اس لیے راشد علی کو کہا تھا کیونکہ وہ فنانس جانتا تھا۔ منگل کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے ایڈیشنل سیشن جج عدنان خان کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان نے جرح کے دوران بیان دیا کہ 1996 سے شوکت خانم بورڈ کا چیئرمین ہوں اور 1996 کے بعد سے اب تک کوئی چیئرمین نہیں بنا اور میں نہیں سمجھتا کہ میری بہن سیکرٹری بورڈ آف گورنر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشد علی خان کو میں دوستی کی وجہ سے جانتا ہوں اور اس کا فنانس میں تجربہ ہے۔ خواجہ آصف کے وکیل نے استفسار کیا کہ بنی گالہ کی زمین خریدنے میں کیا راشد علی خان آپ کے نمائندہ تھے؟ عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ راشد علی خان نمائندہ نہیں دوست کی حیثیت سے یہ ٹرانزیکشن کی تھی اور میری سابقہ بیوی کے بھیجے گئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے راشد علی خان نے ادا کیے تھے۔ چونکہ میں سفر کر رہا تھا اور قسطیں دینا پڑنی تھیں اس لیے راشد علی کو کہا تھا کیونکہ وہ فنانس جانتا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کے دوران بجلی چلی گئی۔ جس کے بعد عدالت نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ رابطہ کر لیں واٹس ایپ پر آخری سوال کا جواب لے لیتے ہیں؟ عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بنی گالہ میں جیمر لگے ہوتے ہیں رابطے میں تھوڑا مسئلہ ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔


