کراچی سے کالعدم ٹی ٹی پی کا مطلوب کارندہ گرفتار، اسلحہ برآمد، سی ٹی ڈی کا دعویٰ
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی میں سی ٹی ڈی اور پاکستان رینجرز کی مشترکہ خصوصی ٹیم نے ضلع غربی میں تھانہ سائٹ اے کی حدود میں نورس چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے مطلوب فرد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ کارروائی مخبر کی اطلاع پر انجام دی گئی جس کے دوران کالعدم تحریکِ طالبان کے مطلوب محمد الیاس ولد خیال محمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ آمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سی ٹی ڈی کی ریڈ بک کے صفحہ نمبر 51 پر انتہائی مطلوب تھا، جو ملزم قاری شاکر اللہ کا قریبی ساتھی ہے۔ مذکورہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سعودی عرب میں روپوشی بھی اختیار کی تھی۔ سی ٹی ڈی کے دعوے کے مطابق گرفتار شخص نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2013ءمیں شیر احمد خان نامی شخص کو سائٹ اے کی حدود میں قتل کیا تھا۔ 2012ءمیں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے خلیفہ منصور گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق محمد الیاس سے دیگر کیسز میں بھی تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ اس کے حوالے سے متعلقہ تھانوں سے تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔


