پنجگور، طویل خشک سالی سے کاریزات خشک، کھجور کے درخت سوکھنے لگے
پنجگور (نامہ نگار) پنجگور میں طویل خشک سالی کی وجہ سے کاریزات کورجو دریائی نہر خشک، کھجور کے درخت سوکھ کر تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے، حکومت خشک کاریزات کی بحالی اور متبادل ذرائع سے پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں، زمینداروں کی اپیل۔ پنجگور میں طویل خشک سالی کی وجہ سے کاریزات کورجو دریائی نہر خشک ہوگئے جس سے زمینداروں کے باغات کھجور کے درخت سوکھ کر تباہ ہورہے ہیں، کھجور کے درختوں کے ساتھ ساتھ انار، انگور، انجیر کے باغات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ کھجور کے درخت جوکہ پنجگور کی شناخت ہیں جن سے ہزاروں زمینداروں کا ذریعہ معاش وابستہ ہے، کھجور کے درختوں کے تحفظ کا واحد حل خشک کاریزات اور کورجووں کو سولر سسٹم سے منسلک کرکے زمینداروں کو اشتراکی طریقے سے زمینداری کرنے کے مواقع دینا ہے۔ حال ہی میں علاقے کے زمینداروں کے لیے جو سولر سسٹم کے اعلان کئے گئے تھے ان تمام سولرز سسٹم کو کھجور کے درختوں کے تحفظ کے لیے دیا جائے اگر اس مرتبہ کھجور کے درختوں کو نظر انداز کیا گیا تو پنجگور میں کھجور کے باغات شاید باقی نہ رہیں۔


