عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آنے لگا ہے، مریم نواز کا ٹوئٹ
لاہور (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قسم سے عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آنے لگا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے ایک سکرین شارٹ شیئر کیا جس پر عمران خان کابیان تھا کہ تصور نہیں کر سکتا شہباز شریف کو وزیراعظم بنا دیا جائے گا۔ مریم نواز نے لکھا کہ بہت گہرا اور ناقابل تلافی صدمہ پہنچا ہے بیچارے کو۔ جتنی محنت اس نے شہباز شریف پر جھوٹے کیسز بنا کر ان کو فاؤل پلے کے ذریعے میدان سے آؤٹ کرنے پر کی تھی، اللہ نے وہ چال اسی پر الٹ دی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اسی حسد اور صدمے میں اب اس کی باقی زندگی بھی گزرنے والی ہے، ان شاء اللہ عادت ڈال لو! لیگی نائب صدر نے مزید لکھا کہ نیند میں بھی نیوٹرل نیوٹرل کا راگ الاپا کرے گا، بڑبڑایا کرے گا شہباز شریف نے سفیر کو کیک کھلایا، شہباز شریف نے شیروانی پہن لی، شہباز شریف وزیر اعظم بن گیا۔ مریم نواز نے پی ٹی آئی چیئر مین پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ خرم دستگیر نے یہ کہہ دیا، امریکا نے سازش کردی، دھاندلی ہوگئی، قسم سے اس کی ذہنی حالت پر ترس آنے لگا ہے۔


